کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے باعث بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں سابق انٹیلی جنس افسران اور انسدادِ جاسوسی کے ماہرین کو ملازمتیں دینے لگی ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اوپن اے آئی، اینتھروپک اور این ویڈیا سمیت معروف کمپنیوں میں جاسوسی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی ماہرین کی بھرتیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ان کمپنیوں میں گزشتہ چند برس کے دوران اس نوعیت کی ملازمتوں کے اشتہارات بھی سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں میں انسدادِ جاسوسی کے ماہرین کو سالانہ 2 لاکھ سے 5 لاکھ ڈالر تک تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں سامنے آنے والے بعض تنازعات اور حساس معلومات کے تحفظ سے متعلق خدشات نے بھی کمپنیوں کو اپنے سکیورٹی انتظامات مضبوط بنانے پر توجہ دینے پر مجبور کیا ہے۔رپورٹ میں این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کی نجی زندگی سے متعلق تنازع کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے کمپنی کی 2 خواتین ملازمین کے ساتھ قریبی روابط تھے، جن میں کمبرلی پاول بھی شامل ہیں، جبکہ دوسری خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس خاتون سے رابطہ بھی نہیں ہو سکا۔یہ انکشافات جینسن ہوانگ کے مبینہ غیر ازدواجی تعلقات سے متعلق خبروں کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل ان کے ایک اور خاتون سے روابط کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جن میں چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کا نام شامل تھا۔ امریکی انٹیلی جنس حکام کو شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ وہ مبینہ طور پر چین کیلئے جاسوسی کرتی ہیں۔رپورٹ میں ان دعوؤں اور تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کیلئے جاسوسی اور حساس معلومات کے تحفظ کے خدشات اب ایک اہم سکیورٹی چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔
اے آئی کمپنیوں میں جاسوسی کے خدشات، سابق انٹیلی جنس افسران کی بھرتیاں بڑھ گئیں
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی