کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) دنیا بھر کے گیمنگ شائقین کی توجہ کا مرکز بننے والے معروف ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس‘ (جی ٹی اے 6) کی ریلیز نے برطانیہ میں انٹرنیٹ ٹریفک کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔برطانوی ٹیلی کام کمپنی ’ورجن میڈیا او ٹو‘ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی شب 8 سے 10 بجے کے دوران براڈ بینڈ ٹریفک میں گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ٹریفک کا یہ غیر معمولی دباؤ گیم کی نصف شب ہونے والی باقاعدہ ریلیز سے عین قبل سامنے آیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انٹرنیٹ ٹریفک کا ریکارڈ گزشتہ ہفتے گیم کی ’پری لوڈنگ‘ (ریلیز سے قبل ڈاؤن لوڈنگ) کے دوران قائم ہوا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ کے تقریباً 28 لاکھ بالغ شہریوں نے ریلیز کے پہلے ہی روز یہ گیم کھیلنے کا منصوبہ بنایا، جبکہ ہزاروں افراد نے نصف شب ریلیز کے بعد گیم کھیلنے کے لیے ملازمت سے ایک دن کی چھٹی بھی لے رکھی تھی۔ورجن میڈیا او ٹو کے ڈائریکٹر آف پروڈکٹ گیرتھ لسٹر نے اس حوالے سے کہا کہ جب کھلاڑی گیم میں اپنے ابتدائی مشنز کی تیاری کر رہے تھے، عین اسی وقت کمپنی کی نیٹ ورک ٹیمیں بھی ایک بڑے تکنیکی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مستعد تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی گیم کی ریلیز سے جڑے ہر مرحلے پر گہری نظر رکھے ہوئے تھی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نیٹ ورک اس ریکارڈ توڑ ٹریفک کا بوجھ برداشت کر سکے، اور نیٹ ورک نے یہ امتحان کامیابی سے پاس کر لیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کی جانب سے 212 جی بی کے بھاری حجم پر مشتمل گیم ڈاؤن لوڈ کیے جانے کے باعث گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں انٹرنیٹ ٹریفک میں مجموعی طور پر تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا۔ براڈ بینڈ ٹریفک کا یہ نیا ریکارڈ رواں سال کے آغاز میں آرسنل اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان کھیلے گئے فٹ بال میچ کے دوران بننے والے ریکارڈ سے بھی 13.6 فیصد زیادہ ہے۔