لاہور ( شو بز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے ٹی وی اسکرین سے اپنی دوری کی اصل وجہ بتاتے ہوئے انڈسٹری کے بدلتے ہوئے رویوں پر کڑی تنقید کی ہے۔حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے میڈیا انڈسٹری کے ناموافق ماحول پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب انڈسٹری کے حالات مکمل طور پر بدل چکے ہیں اور اسے تقریباً خیرباد کہنے کی سب سے بڑی وجہ نوجوان فنکاروں میں بڑھتا ہوا غرور اور تکبر ہے۔سینئر اداکارہ نے شکوہ کیا کہ اب انڈسٹری میں عزت و احترام کا عنصر ختم ہوتا جا رہا ہے اور نئے فنکار اپنے سینئرز کا لحاظ نہیں کرتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اب صرف اسی صورت میں کام کرتی ہیں جب پروڈکشن ہاؤس معیاری ہو اور ٹی وی چینل تعاون کرنے والا ہو، بصورت دیگر نوجوان اداکاروں کے نخرے برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ ان کے بقول آج کل معاملہ یہ بن چکا ہے کہ جس میں جتنا زیادہ غرور ہوگا اسے اتنی ہی زیادہ کامیابی ملے گی، چاہے وہ اپنے فن سے مخلص ہو یا نہ ہو۔وقت کی پابندی کا ذکر کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے کہا کہ سینئر فنکار ہمیشہ مقررہ وقت پر سیٹ پر پہنچتے ہیں اور وہ خود بھی کبھی ڈرائیوروں کو انتظار نہیں کرواتیں تاکہ کسی کو زحمت نہ ہو، لیکن مرکزی کردار ادا کرنے والے نوجوان فنکار وقت پر نہیں آتے اور سینئرز کو ان کے انتظار میں شام چار بجے تک بیٹھنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی دیگر ساتھی اداکارائیں بھی مرکزی فنکاروں کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کا انتظار کرتے کرتے تھک چکی ہیں۔ غزالہ جاوید کے مطابق پروڈکشن ٹیم اور معاون اداکار تو ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے وقت پر موجود ہوتے ہیں، لیکن مرکزی فنکاروں کی جانب سے احترام کی کمی کے باعث مسائل جنم لے رہے ہیں، جن پر پروڈکشن ہاؤسز کو سختی سے قابو پانا چاہیے۔