کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے والد ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حال ہی میں ریلیز ہونے والے مقبول ویڈیو گیم ’جی ٹی اے سکس‘ (GTA 6) سے دور رکھیں۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک حالیہ ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے اس گیم کے منفی پہلوؤں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تشدد، گالم گلوچ، گاڑیوں کی چوری، پولیس پر فائرنگ اور غیر اخلاقی مناظر جیسے نامناسب عناصر شامل ہیں، جو کم عمر بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت پر گہرے منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے اس گیم کو کھیلتے ہوئے ورچوئل دنیا میں اس قدر کھو جاتے ہیں کہ انہیں حقیقی زندگی اور کھیل کے درمیان فرق کا احساس نہیں رہتا۔ انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ گیم میں حد سے زیادہ وقت گزارنے کے باعث بچے اپنی روزمرہ ذمہ داریوں اور نماز کے اوقات سے بھی غافل ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے تمام والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن اور گیمنگ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کہ آیا انہیں اس نوعیت کے گیمز کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے یا نہیں۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے؛ جہاں ایک طبقے نے بچوں کی اصلاح کے لیے ان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی، وہیں بعض صارفین نے ڈکی بھائی کے ماضی میں گیمنگ ویڈیوز بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے اس بیان پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔