بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے ایک اسٹارٹ اپ نے مصنوعی ذہانت سے لیس 13 فٹ بلند ہیومنائیڈ روبوٹ متعارف کرایا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ 500 کلوگرام تک وزن اٹھانے کے علاوہ سوئی میں دھاگا ڈالنے جیسے انتہائی باریک کام بھی کرسکتا ہے۔بیجنگ میں قائم کمپنی نیوڈرا ڈائنامکس کے مطابق ’نیو ون‘ (Neo1) نامی روبوٹ کو صنعتی ماحول میں بھاری اور مشکل کام انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کے بانی یانگ تاؤ کا کہنا ہے کہ روبوٹس کو صرف انسانی شکل کی نقل تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں انسانی جسمانی صلاحیتوں سے آگے بڑھ کر کام کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔تقریباً 1.2 میٹرک ٹن وزنی اس روبوٹ میں روایتی الیکٹرک موٹرز کے بجائے ہائیڈرولک ایکچیویٹرز استعمال کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس کی انگلیوں کے سروں کی درستگی 0.01 ملی میٹر تک ہے، جس کی مدد سے یہ انتہائی باریک کام بھی انجام دے سکتا ہے۔روبوٹ کو رواں ماہ چائنا انٹرنیشنل انڈسٹری فیئر 2026 میں پیش کیا گیا۔ اسے بھاری مشینری کی اسمبلی، کان کنی اور قدرتی آفات کے بعد ملبہ ہٹانے جیسے کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ہائیڈرولک اور الیکٹرک ٹیکنالوجی کا امتزاج روبوٹس کی طاقت اور پائیداری سے متعلق مسائل حل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ مستقبل میں اسے گھریلو استعمال کے لیے بھی پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔تاہم کمپنی نے تاحال روبوٹ کی بیان کردہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ نہیں کیا۔ صنعتی نمائش میں پیش کیے گئے ماڈل کے اعضا کی حرکت بھی محدود دکھائی دی۔چین کے قومی ادارۂ شماریات کے مطابق ملک میں پہلے ہی 20 لاکھ سے زیادہ صنعتی روبوٹ کام کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف روبوٹکس کی گزشتہ ماہ جاری رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں فیکٹریوں میں نصب ہونے والے نئے روبوٹس میں چین کا حصہ 59 فیصد ہے۔