کراچی( کامرس ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے قیمتیں بڑھانے کا سلسلہ فوری روکنے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹرز اور عوام پر پڑتا ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں مال برداری کے کرایوں، صنعت اور تجارت کی لاگت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیزل پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کا فوری جائزہ لے کر ٹرانسپورٹرز کو بڑھتے ہوئے اخراجات سے ریلیف دیا جائے۔محمد اویس چوہدری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ روزانہ کے بجائے ہر 15 روز بعد لیا جائے اور قیمتوں میں ردوبدل کے لیے 15 روزہ نظام نافذ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت مستحکم ہونے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سہارا ملے گا اور مہنگائی کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔