کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) گوگل نے اپنے مقبول نقشہ جاتی پلیٹ فارم گوگل میپس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جس کے تحت دوسرے شہر پہنچنے والے صارفین کو خوش آمدیدی پیغام کے ساتھ مقامی مقامات اور سفری سہولتوں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ فون ایرینا کے مطابق یہ فیچر بالخصوص ان افراد کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے جو پہلی مرتبہ کسی شہر کا سفر کررہے ہوں اور وہاں کے راستوں، اہم مقامات اور سفری سہولتوں سے واقف نہ ہوں۔رپورٹ کے مطابق جب کوئی صارف نئے شہر کے ہوائی اڈے پر پہنچے گا تو گوگل میپس کی جانب سے اسے ایک خوش آمدیدی پیغام موصول ہوسکتا ہے، جس میں اسے ایپلی کیشن کے ’آسک میپس‘ فیچر سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جائے گی۔اس سہولت کے ذریعے صارف اپنے اردگرد موجود مقامات، قریبی کاروباری مراکز، راستوں اور دیگر مقامی سہولتوں سے متعلق سوالات پوچھ کر معلومات حاصل کرسکے گا۔یہ فیچر گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل جیمنائی کی مدد سے کام کرے گا، جو صارفین کے سوالات کو سمجھ کر متعلقہ جوابات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طرح نئے شہر میں آنے والے افراد صرف راستوں کی تلاش ہی نہیں بلکہ اپنی منزل تک پہنچنے اور قریبی مقامات کی شناخت میں بھی مدد حاصل کرسکیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل میپس کے نئے ورژن میں اس فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں دنیا کے تقریباً 90 شہروں کے ہوائی اڈوں پر یہ سہولت دستیاب ہوسکتی ہے، تاہم اس فہرست میں فی الحال پاکستان کا کوئی شہر شامل نہیں۔واضح رہے کہ گوگل نے ’آسک میپس‘ فیچر مارچ 2026 میں متعارف کرایا تھا، جس کے ذریعے صارفین نقشے سے متعلق روایتی سرچ کے بجائے براہ راست سوالات پوچھ سکتے ہیں۔گوگل کی اس پیش رفت کا مقصد میپس کو محض راستے دکھانے والی ایپلی کیشن کے بجائے ایک ذہین سفری معاون بنانا ہے، جو نئے شہر پہنچنے سے لے کر وہاں گھومنے پھرنے تک صارفین کی رہنمائی کرسکے۔