اسلام آباد (تر کیہ خبر) وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی موبائل سمز کی خرید و فروخت اور ان کے ذریعے دھوکا دہی کرنے والے مبینہ منظم گروہ کا سراغ مل گیا، سائبر کرائم ادارے نے 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد گرفتار کرلیے گئے۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد کی درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر غیر قانونی ذرائع سے موبائل سمز حاصل کرنے، انہیں فعال بنانے اور فروخت کرنے کا الزام ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان مبینہ طور پر شہریوں کی شناختی معلومات اور اجازت کے بغیر ان کے ناموں پر سمز حاصل کرتے تھے، جنہیں بعدازاں غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔حکام کے مطابق ان سمز کے ذریعے جعلی سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس بنائے جاتے اور مختلف مالیاتی دھوکا دہی کی سرگرمیاں انجام دی جاتی تھیں۔ ملزمان پر غیر قانونی سمز کی رجسٹریشن اور فراہمی کے منظم کاروبار میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔مقدمے میں عبدالہادی، محسن سلیم بٹ، زہاق، زین، عدیل خان، دانیال، عظمیٰ اور حسن وقار احمد سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں نامزد افراد کے واٹس ایپ اکاؤنٹس اور موبائل نمبرز کی تفصیلات بھی شامل ہیں، جبکہ ادارے نے معاملے کی مزید چھان بین شروع کردی ہے۔