کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی دفتری سافٹ ویئر سروسز کی بحالی کا عمل جاری ہے، تاہم عالمی سطح پر پیدا ہونے والی خرابی دوسرے روز بھی برقرار رہنے کے باعث کاروباری سرگرمیاں، پولیس کو جرائم کی آن لائن شکایات، عدالتی کارروائیاں اور مصنوعی ذہانت کے متعدد نظام متاثر ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مائیکروسافٹ 365 کی مختلف سہولتیں، جن میں آؤٹ لک ای میل، ٹیمز اور مصنوعی ذہانت کا معاون نظام کوپائلٹ شامل ہیں، تعطل کا شکار ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں دنیا بھر کے صارفین، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو ای میل اور دیگر آن لائن خدمات تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک ایسے شواہد نہیں ملے جن سے ثابت ہو کہ خرابی سائبر حملے یا کسی بدنیتی پر مبنی سرگرمی کے باعث پیدا ہوئی۔برطانیہ میں اس تکنیکی مسئلے کے باعث مانچسٹر میں ایک مقدمے کی سماعت ملتوی کرنا پڑی۔ جج مورس گرین نے کارروائی میں تاخیر کے بعد جیوری کے ارکان کو واپس بھیج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے عدالتی نظام کے ٹیکنالوجی پر بڑھتے ہوئے انحصار کے ممکنہ خطرات واضح کر دیے ہیں۔برطانوی پولیس کے بعض اداروں نے بھی بتایا کہ وہ آن لائن جرائم کی شکایات وصول کرنے سے قاصر ہیں، جس کے باعث شہریوں کو فوری نوعیت کے معاملات میں فون کے ذریعے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ادھر برطانوی نیشنل فارمیسی ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ نیشنل ہیلتھ سروس کے ای میل نظام میں خرابی کے باعث بعض مریضوں کو ادویات کے نسخے ملنے میں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ناروے کی حکومت کے مطابق اس تعطل سے متعدد وزارتوں کا کام متاثر ہوا، جبکہ حکام کے پاس سروسز کی مکمل بحالی کے وقت سے متعلق معلومات نہیں تھیں۔ یونان کے وزیر برائے ڈیجیٹل گورننس دیمتریوس پاپاسترگیو نے بھی تصدیق کی کہ آؤٹ لک، ٹیمز اور کوپائلٹ استعمال کرنے والی سرکاری وزارتیں متاثر ہوئیں۔ہانگ کانگ میں ایلومینیم کے کاروبار سے وابستہ ڈینی لاؤ نے بتایا کہ ان کی کمپنی امریکی صارفین کی جانب سے آؤٹ لک پر بھیجی گئی تازہ معلومات حاصل نہیں کر پا رہی تھی۔ ان کے مطابق اگر خرابی برقرار رہی تو پیداواری نظام الاوقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ہانگ کانگ کے بعض بینکوں کی سرگرمیاں بھی اس تعطل سے متاثر ہوئیں۔بھارت کی ایئر انڈیا اور انڈیگو ایئرلائنز نے واضح کیا کہ ان کی پروازوں کا نظام معمول کے مطابق چلتا رہا، تاہم انڈیگو کو ای میل سپورٹ میں خرابی کے باعث صارفین کی شکایات اور سوالات وصول کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ ایئر انڈیا نے صارفین کے پیغامات کی ترسیل جاری رکھنے کیلئے عارضی طور پر متبادل ای میل سروس استعمال کرنا شروع کر دی۔سنگاپور کی حکومت نے بتایا کہ ای میل کی سہولت متاثر ہوئی ہے اور مسئلے کے حل کیلئے مائیکروسافٹ سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ فلپائن کی سپریم کورٹ کے مطابق ای میل کے ذریعے جوابات دینے سمیت اس کی بعض عدالتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ جاپان کے نائب چیف کابینہ سیکرٹری ماساناؤ اوزاکی نے کہا کہ سرکاری معلوماتی ٹیکنالوجی کا نظام بھی خرابی سے متاثر ہوا ہے، جبکہ حکام نے رابطے کیلئے ٹیلی فون سمیت متبادل ذرائع اختیار کرلیے ہیں۔امریکا کی صنعتی ٹیکنالوجی کمپنی ورک ہارس گروپ نے اپنے سہ ماہی مالی نتائج سے متعلق کانفرنس کال ملتوی کر دی۔ مصنوعی ذہانت کے شعبے کی کمپنیوں اوپن اے آئی اور اینتھروپک نے بھی مائیکروسافٹ 365 کے مختلف ٹولز تک رسائی میں دشواریوں کی اطلاع دی۔ جرمنی کی وزارتِ ڈیجیٹلائزیشن کے ترجمان فلورین ڈروکنٹینر کے مطابق وہاں کاروباری شعبہ بڑے پیمانے پر متاثر ہوا، تاہم حکومتی سطح پر کسی بڑے تعطل کی اطلاع نہیں ملی۔یونیورسٹی آف گلاسگو کے شعبہ کمپیوٹنگ سائنس کے پروفیسر جیریمی سنگر نے صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ای میلز کی ترسیل بند ہونے سے متعدد دفتری ملازمین کیلئے حالات ایسے ہو گئے جیسے انہیں اچانک چھٹی مل گئی ہو۔نیوزی لینڈ نے بھی مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں خرابی کے باعث ویزا درخواستوں پر کارروائی عارضی طور پر روک دی۔ ملک کے امیگریشن ادارے نے اعلان کیا کہ آئندہ اطلاع تک تمام ویزا درخواستوں کی جانچ کا عمل معطل رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس عالمی تعطل سے 74 ممالک اور علاقوں میں مائیکروسافٹ کی خدمات متاثر ہوئیں۔