واشنگٹن( ویب ڈیسک) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کی سرکاری سرپرستی میں سرگرم ہیکرز نے شناخت کی چوری اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی ہتھیا لی۔ایف بی آئی کے مطابق سائبر حملہ آوروں نے اس کارروائی کیلئے ’’فیس اسٹیلر‘‘ نامی ایک جدید طریقہ استعمال کیا۔ ہیکرز خود کو متاثرہ افراد کے جاننے والے ظاہر کرکے انہیں ویڈیو کال میں شامل کرتے اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کا اعتماد حاصل کرتے تھے۔ بعدازاں تکنیکی خرابی کا جھوٹا بہانہ بنا کر انہیں ایک مشکوک لنک کھولنے پر آمادہ کیا جاتا، جس کے نتیجے میں ان کے کمپیوٹرز میں نقصان دہ سافٹ ویئر انسٹال ہو جاتا تھا۔تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ہیکرز متاثرین کی رابطہ فہرستوں اور سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے مزید افراد کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بناتے تھے۔ ایف بی آئی نے اس کارروائی کے سلسلے میں 900 سے زائد متاثرین کی ویب کیم سے ریکارڈ کی گئی ویڈیوز بھی حاصل کرلی ہیں۔ایف بی آئی کے مطابق شمالی کوریا کرپٹو کرنسی کی چوری سے حاصل ہونے والی رقوم اپنے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگراموں کیلئے استعمال کرتا ہے، تاہم پیانگ یانگ ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
شمالی کوریا کے ہیکرز نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر کی کرپٹو کرنسی چرا لی
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی