سڈنی (ویب ڈیسک): آسٹریلوی حکومت نے گوگل اور میٹا سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے عالمی سالانہ آمدنی کے 5 فیصد تک بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ یہ جرمانہ سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز سے نقصان دہ مواد اور لت پیدا کرنے والی خصوصیات کو ہٹانے میں ناکامی کی صورت میں عائد کیا جا سکے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مجوزہ جرمانے کی حد میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل زیادہ سے زیادہ 10 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 7 کروڑ 22 لاکھ امریکی ڈالر) جرمانے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم نئی ترمیم کے تحت بعض ٹیک کمپنیوں کے لیے یہ رقم اربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہے کیونکہ ان پلیٹ فارمز کی سالانہ آمدنی سیکڑوں ارب ڈالر ہے۔رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی سینیٹ میں گرینز پارٹی کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد اس بل کی پارلیمان سے منظوری اور باقاعدہ قانون بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ مجوزہ ’ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر‘ قانون کے تحت عام شہریوں کو بھی یہ قانونی حق حاصل ہوگا کہ وہ ایسے آن لائن پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکیں جو غیر قانونی یا نقصان دہ سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔نیا قانون مختلف آن لائن صنعتوں کے لیے الگ الگ ضابطہ اخلاق کے بجائے ایک جامع نظام نافذ کرے گا، جس کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیاں نقصان دہ مواد اور صارفین کو متاثر کرنے والے منفی تجربات کی پیشگی جانچ اور روک تھام کی پابند ہوں گی۔ اس قانون کے دائرہ کار میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، غیر رضامندی سے تیار کردہ جعلی عریاں تصاویر، صنفی بنیاد پر تشدد، خود کو نقصان پہنچانے کی ترغیب اور دہشت گردی پر مبنی مواد شامل ہے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مفادات کے بجائے والدین اور بچوں کے تحفظ کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اصلاحات ملک میں 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کے قانون کے بعد اگلا اہم قدم ہیں۔دوسری جانب اگرچہ ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بچوں کے تحفظ اور نقصان دہ مواد کی روک تھام کے حکومتی مقصد کی اصولی حمایت کی ہے، تاہم بیشتر کمپنیوں نے اس بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔ کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ اس قانون کے ذریعے سرکاری حکام کو یہ طے کرنے کا اختیار مل جائے گا کہ کون سا مواد نقصان دہ ہے، جبکہ صنعتی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سخت جرمانوں کے خوف سے پلیٹ فارمز ضرورت سے زیادہ مواد حذف کرنے لگیں گے جس سے جائز اور مفید مواد بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ڈیجیٹل انڈسٹری گروپ نے نئے مسودے کا تفصیلی جائزہ نہ لینے کے باعث فوری تبصرے سے معذرت کی ہے، جبکہ گوگل کی جانب سے بھی تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔