کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈوو‘ (iPhone Duo) کے لیے لاک اسکرین کے نئے ویجٹس کی آزمائش کا انکشاف ہوا ہے، جنہیں مستقبل میں سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق ’آئی فون ڈوو‘ فی الحال لاک اسکرین پر دو کسٹمائز ایبل شارٹ کٹس کی سہولت فراہم کرتا ہے جو اسکرین کے نچلے دائیں حصے میں موجود ہوتے ہیں، تاہم ایک معروف ٹِپسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپل اس فولڈ ایبل فون کی کور اسکرین کے لیے نئے لاک اسکرین ویجٹس پر کام کر رہا ہے۔لیکسٹر ’پی ڈی ایف یو‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اس نئے فیچر کی تفصیلات کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں نئے ویجٹس کو عملی طور پر کام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ٹِپسٹر کے مطابق ایپل نے ایک نئے ’کمپلیکیشن کالم‘ کی آزمائش کی ہے جس میں بیک وقت دو ویجٹس رکھنے کی گنجائش ہوگی، اور یہ ویجٹ باکس کور اسکرین کے دائیں جانب نیٹ ورک اسٹیٹس انڈیکیٹرز کے بالکل نیچے ظاہر ہوگا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر پہلی مرتبہ ’آئی او ایس 27.1‘ میں دیکھا گیا تھا لیکن اس وقت اسے غیر فعال رکھا گیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ویجٹ کالم کو سسٹم کی اندرونی سیٹنگ (Springboard/Ionic) کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ آئی او ایس 27.1 کے بعد سے ایپل نے اس فیچر کے کوڈ میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں کی، جس کے باعث یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کمپنی اب بھی اسے حتمی شکل دے رہی ہے یا اسے آئندہ کسی آئی او ایس اپ ڈیٹ میں فعال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اگر یہ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا تو ’آئی فون ڈوو‘ کے صارفین کو فون کھولے بغیر کور اسکرین پر ہی اہم معلومات ایک نظر میں دیکھنے کی سہولت میسر آ سکے گی۔