تل ابیب ( ویب ڈیسک) عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اسرائیل میں ایک نئی خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو مختلف کمپنیوں اور اداروں کو ایسے انکرپشن سسٹمز کی نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کرے گی جنہیں مستقبل کے طاقتور کوانٹم کمپیوٹرز توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔اسرائیلی کاروباری و مالیاتی اخبار ’کیلکیلسٹ‘ کے مطابق اِنبار بدیان کی سربراہی میں قائم ہونے والا یہ گروپ ایسا جدید سافٹ ویئر تیار کرے گا جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اداروں کے زیرِ استعمال انکرپشن نظاموں کا باریک بینی سے جائزہ لے گا اور ان میں موجود ممکنہ سیکیورٹی کمزوریوں کی نشاندہی کرے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے خودکار ’اے آئی ایجنٹس‘ بروئے کار لائے جائیں گے جو خود مختار طریقے سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ایجنٹس اداروں کے انکرپشن سسٹمز کی فہرست کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھیں گے اور سائبر سیکیورٹی ٹیموں کو ان حساس کمزوریوں سے بروقت آگاہ کریں گے جن پر فوری توجہ درکار ہوگی۔مائیکروسافٹ کا یہ اقدام کمپنی کی ’پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی‘ کی جانب منتقلی کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت ایسے جدید انکرپشن طریقے متعارف کرائے جا رہے ہیں جو مستقبل کے کوانٹم کمپیوٹرز کے ممکنہ سائبر حملوں کا مقابلہ کر سکیں۔ یاد رہے کہ مائیکروسافٹ نے رواں سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ اس کا ہدف 2029 تک اپنی تمام اہم مصنوعات اور سروسز کو پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر منتقل کرنا ہے۔سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق مستقبل قریب میں کوانٹم کمپیوٹنگ کی تیز رفتار ترقی موجودہ ڈیجیٹل سیکیورٹی اور انکرپشن نظاموں کے لیے ایک سنگین چیلنج بن سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ صفِ اول کی ٹیکنالوجی کمپنیاں ابھی سے اپنے حفاظتی نظاموں کو اس متوقع تبدیلی کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔