کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) امریکی تحقیقی ادارے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) کے ماہرین کے تیار کردہ روبوٹ ’ایسٹرا‘ (ASTRA) نے خلابازوں کی کسی بھی مدد کے بغیر خلا میں ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ کامیابی سے جوڑ کر تیار کر لیا ہے۔سائنسی ماہرین کی جانب سے اس کامیاب تجربے کو مستقبل میں خلا کے اندر بڑے ڈھانچے تعمیر کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے راکٹوں میں سامان لے جانے کی محدود گنجائش کے دیرینہ مسئلے پر قابو پانا ممکن ہو سکے گا۔رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی تحقیقاتی ادارے ’ڈارپا‘ (DARPA) کی مالی معاونت سے تیار کیے گئے اس روبوٹ نے کمپوزٹ فائبر ٹیوبز اور ایلومینیم کے جوڑوں کو استعمال کرتے ہوئے 1.4 میٹر طویل ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ تشکیل دیا۔ اس منصوبے کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تعمیراتی پرزوں کو انتہائی مختصر شکل میں خلا تک پہنچایا گیا، جہاں روبوٹ نے خودکار طریقے سے انہیں جوڑ کر مطلوبہ ڈھانچے کی شکل دی۔محققین کا کہنا ہے کہ یہ جدید ٹیکنالوجی مستقبل میں دیوہیکل خلائی دوربینوں، جدید مواصلاتی نظاموں اور خلا میں شمسی توانائی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی۔یہ منصوبہ ’نوم فور ڈی‘ (NOM4D) پروگرام کا حصہ ہے جس کا آغاز 2022 میں کیا گیا تھا۔ پروگرام کے تحت رواں سال کے اختتام پر ایک مزید تجربہ بھی متوقع ہے، جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر خلائی مینوفیکچرنگ کی جدید تکنیکوں کی آزمائش کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ تجربات مزید کامیاب رہتے ہیں تو مستقبل میں بڑے خلائی ڈھانچے زمین سے تیار حالت میں بھیجنے کے بجائے براہِ راست خلا میں روبوٹس کے ذریعے تعمیر کیے جا سکیں گے۔