ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے ہالووین کے موقع پر اپنی آنجہانی والدہ سری دیوی کے مشہور فلمی کردار کو نئے انداز میں پیش کرکے مداحوں کو ماضی کی یاد دلا دی۔جھانوی نے 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نگینہ‘ میں سری دیوی کے ناگن والے کردار کا روپ دھارا اور انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ انہوں نے اپنی والدہ سے مشابہ گلابی لباس، زیورات، میک اپ اور ہیئر اسٹائل اپنا کر فلم کے یادگار مناظر دوبارہ تخلیق کیے۔اس موقع پر سوشل میڈیا انفلوئنسر اوری نے آنجہانی رشی کپور جبکہ جھانوی کے دوست وشنو پروین نے امریش پوری کا روپ اختیار کیا، یوں فلم کے تینوں اہم کرداروں کو دوبارہ پیش کیا گیا۔جھانوی نے اپنی پوسٹ میں ہالووین کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلمی تاریخ کے یادگار مناظر میں سے ایک کو دہرانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنی والدہ سری دیوی، رشی کپور اور امریش پوری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔جھانوی کے اس انداز کو شوبز شخصیات نے بھی پسند کیا۔ کرینہ کپور خان اور کرشمہ کپور سمیت متعدد فنکاروں نے ان کی پوسٹ پر تبصرے کیے، جبکہ کرینہ نے اسے زبردست قرار دیا۔واضح رہے کہ 1986 کی فلم ’نگینہ‘ میں سری دیوی، رشی کپور اور امریش پوری نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی ناگن کے گرد گھومتی ہے جو انسانی روپ اختیار کرسکتی ہے، جبکہ سری دیوی کی اداکاری نے اس کردار کو فلمی تاریخ میں یادگار بنا دیا۔