کراچی ( شو بز ڈیسک) بھارتی کامیڈین سمے رائنا کے معروف کامیڈی شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی طرز پر پاکستان میں بھی ’پاکستانز گاٹ لیٹنٹ‘ کے نام سے نیا کامیڈی و ٹیلنٹ شو ریلیز کے لیے تیار ہے، جس کی پہلی قسط 28 نومبر کو یوٹیوب پر نشر کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق اس شو کا باضابطہ اعلان رواں ماہ 9 نومبر کو کیا گیا تھا۔ شو کے فارمیٹ میں مزاحیہ پرفارمنسز، لائیو روسٹنگ اور منفرد و غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد کو اپنی فنکارانہ مہارت دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا۔پروگرام کے ججز پینل میں شرحبیل صدیقی، عثمان مظہر، مزمل میسیا اور معروف ماڈل و میزبان متھیرا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شو کی تشہیری ویڈیوز میں اداکار فیروز خان، حمائمہ ملک، عدنان شاہ ٹیپو، سینئر کامیڈین شکیل صدیقی، رؤف لالا اور بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سمیت شوبز انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات بھی جھلک دکھلاتی نظر آئی ہیں۔دوسری جانب باقاعدہ ریلیز سے قبل ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی شو کا بھارتی شو سے موازنہ شروع کر دیا گیا ہے، اور دونوں پروگراموں کے نام و فارمیٹ میں گہری مماثلت کے باعث شو کی انفرادیت اور تخلیقی پہلوؤں پر دلچسپ بحث چھڑ گئی ہے۔