لندن( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز کے مالک فواد سرور نے اجلاس کے دوران پرانی فرنچائزز کے مالکان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم خریدنا کسی پر احسان نہیں تھا، بلکہ اس کے ذریعے مالکان نے مالی فائدے کے ساتھ شہرت بھی حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل انتظامی کونسل کا اجلاس گزشتہ دنوں لندن میں ہوا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور فرنچائز مالکان نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ایک مالک کی جانب سے طنزیہ بات کیے جانے پر حیدرآباد کنگزمین کے فواد سرور نے پرانی فرنچائزز کے مالکان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کیوں کرتے ہیں؟فواد سرور نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائز خرید کر کسی نے کوئی احسان نہیں کیا۔ ان کے مطابق پرانے مالکان نے 10 برس میں جتنی رقم خرچ کی، نئی فرنچائز کے مالکان اس کا بڑا حصہ ایک ہی سال میں ادا کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اتنے عرصے بعد بھی کوئی فرنچائز خسارے میں ہے تو اسے اپنی کاروباری حکمت عملی اور وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے۔ بیرون ملک بھی کاروباری مواقع اور اسپانسرز تلاش کیے جاسکتے ہیں، اس لیے کسی پر احسان جتانے کی ضرورت نہیں۔فواد سرور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے بھی کہا کہ قومی کرکٹ سے وابستہ افراد کو گفتگو اور بات چیت کا مناسب طریقہ سکھایا جائے، کیونکہ نامناسب رویے سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔