کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال موبائل سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو ممکنہ غلط استعمال اور غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکام نے آگاہی مہم کے ذریعے صارفین کو خبردار کرنے کے بعد یہ کارروائی شروع کی ہے۔پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس صرف ایسے موبائل نمبرز سے منسلک رکھیں جو فعال ہوں اور ان کے زیرِ استعمال ہوں۔حکام کے مطابق غیر فعال یا منسوخ شدہ موبائل نمبرز ٹیلی کام کمپنیوں کے مقررہ طریقہ کار کے تحت کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جاسکتے ہیں۔ ایسی صورت میں پرانے نمبر سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی یا اس کے غلط استعمال کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کی موجودہ حیثیت کی تصدیق کریں اور اگر ان کا نمبر بند ہوچکا ہے یا وہ اسے استعمال نہیں کر رہے تو واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی فعال نمبر پر منتقل کرلیں۔جن صارفین نے اپنا موبائل نمبر تبدیل کرلیا ہے، انہیں واٹس ایپ کا ’چینج نمبر‘ فیچر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے ذریعے موجودہ اکاؤنٹ نئے فعال نمبر پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔اتھارٹی نے زور دیا ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس سے منسلک نمبرز کی جانچ کریں اور یقینی بنائیں کہ وہ فعال اور ان کے اپنے کنٹرول میں ہیں۔